پاکستان میں کورونا کے 214 نئے کیسز، ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے 214 نئے کیسز تشخیص ہوئے ہیں جن کے بعد مجموعی تعداد 673 ہوگئی ہے جبکہ جان لیوا مرض سے پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف علاج کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق صوبے میں آج کورونا وائرس کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے کچھ روز قبل کراچی میں ایک 77 سالہ شخص کی کورونا وائرس سے ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

دوسری جانب آج قومی ادارہ صحت کی جانب سے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق مُلک میں 185 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی اور مجموعی مریضوں کی  تعداد 646 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 13050 ہو گئی

رپورٹ کے مطابق 638 مریض ملک کے  مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج جبکہ 5 افراد کورونا وائرس سے زندگی کی جنگ جیت کہ گھروں کو لوٹ گئے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوراب سندھ میں وائرس کے 22 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے تعداد 292 ہوگئی جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی تعداد 104 ہے۔

اسی طرح پنجاب میں کورونا وائرس سے کے 11 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد  کی تعداد 163 ہوگئی ہے، جبکہ خیبر پختونخواہ میں 29 مریض زیر علاج ہیں۔

دریں اثںاء ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 71 ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے  11 مریض زیر علاج ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14439 افراد کی مُلک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کی گئی جس کے دوران کورونا وائرس کے 202 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 46 ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف حکومت سرگرم ہے، صوبوں اور مرکز کے درمیان کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے تبادلے کی بات کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں