ایم کیوایم پاکستان کا وفاقی کابینہ میں واپسی کا اعلان


کراچی: متحدہ قومی متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان)  نے وفاقی کابینہ میں دوبارہ واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنےجارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کے ممبرز فیصل سبزواری اورامین الحق کابینہ کاحصہ بنیں گے۔امین الحق وزیر جبکہ فیصل سبزواری مشیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی حکومت کےاتحادی ہیں۔ امید ہے پی ٹی آئی اور متحدہ کا اتحاد پاکستان اور سندھ کیلئے یادگار ثابت ہوگا۔ تقریباً تمام مطالبات تکمیل کے مراحل میں آگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس بھیج دیا

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ اس وقت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، جس کے خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیر ہیں، کی وزارت کوخالی رکھنا ممکن نہیں تھا،۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے مطالبات پورے کرنے کیلئے وزیراعظم  نے ہدایت دی تھی۔ سندھ  کے شہری علاقوں سے متعلق جو مطالبات رکھےگئے وہ ہماری ترجیح بھی تھے۔ ایم کیوایم پہلےدن سےحکومت کاحصہ ہے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی دونوں جماعتیں سندھ کی بہتری چاہتی ہیں۔ میئر کراچی کو بااختیار ہونا چاہیے۔ جس میئر کے پاس اختیارات نہ ہوں وہ کام کیسے کرسکتا ہے۔ ایم کیوایم  کے ساتھ ملکر ہم  نے ملک اور صوبے کی بہتری کیلئےکام کرناہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاوَن کےفیصلے پر تمام جماعتیں متفق ہیں۔ عوام میں ایک لاکھ خشک راشن کےتھیلےتقسیم کریں گے۔ سندھ کو وفاق سے جو مدد چاہیے وہ حاضر ہے۔


متعلقہ خبریں