ترکی میں غیر قانونی تارکین وطن کی بس کو حادثہ، 17 جاں بحق


استنبول : ترکی میں غیرقانونی تارکین وطن کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں  17 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے ہیں۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں مارے جانے والے افراد کی بڑی تعداد غیرقانونی تارکین وطن پر مشتمل ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق مشرقی صوبے اگدر میں جمعے کوپیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان، افغانستان اور ایران سے ہے۔

صوبائی گورنر انور انلو نے 36 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار بس اگدر سے کارس جا رہی تھی۔ سڑک کے کنارے نصب کھمبے سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔

اسمگل کیے گئے افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان کے صوبے میں انسانی اسمگلنگ کے واقعات تواتر سے سامنے آرہے ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے اناطولیہ کے مطابق بس میں صرف 14 افراد کی گنجائش تھی جب کہ اس میں 50 سے زائد افراد سوار تھے۔ بس ایران سے ترکی میں داخل ہوئی تھی۔

پولیس نے بس کے ڈرائیور سمیت 13 افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں