ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

فائل فوٹو


اسلام آباد: یوم پاکستان کے تاریخ سازموقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی ہوئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر- اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ہم نیوز کے مطابق اہل وطن نے نماز فجر میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں پیش امام صاحبان نے تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی۔

برادر ملک ایران کی طرف سے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی قوم اور حکومت کی ترقی و خوش حالی کے لیے دعا گو ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات محدود کر دی گئی ہیں۔  لندن اوردیگر قونصلیٹ خانوں میں پرچم کشائی کی تقاریب اندون خانہ منعقد ہوں گی۔ ان تقاریب میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی ہدایت پر مختلف شہروں میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر قومی اعزازات کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ قومی اعزازات کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا۔

گورنر ہاؤسز میں ہونے والی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق اعزازات کی تقریب عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر منسوخ کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں