افغان حکومت اور طالبان کے درمیان رابطہ، اہم امور پر بات چیت


کابل: افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے پہلا رابطہ ہوا ہے جس میں تشدد میں کمی لانے سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

بات چیت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوئی اور اس دوران  قطری اور امریکی حکام بھی شریک تھے۔

سفارتی حکام نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان باضابطہ ملاقات ہونی تھی لیکن کورونا کی وجہ سے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی کے لیے ماحول تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ قبل طالبان اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا جس کی شرائط میں شامل تھا کہ امریکی فوج 14 ماہ میں افغانستان سے مکمل انخلا کرے گی اور طالبان افغان حکومت سے مذاکرات کریں گے۔

معاہدے کے تحت امریکہ پہلے مرحلے میں ساڑھے چار ہزار فوجی افغانستان سے نکالے گا اور ساڑھے 8 ہزار فوجیوں کا انخلا معاہدے پر مرحلہ وار عملدرآمد سے مشروط ہے۔

افغان جیلوں سے 5 ہزار طالبان قیدی مرحلہ وار رہا کیے جائیں گے اور طالبان افغان حکومت کےساتھ مذاکرات کے پابند ہوں گے اور دیگر دہشت گردوں سےعملی طور پر لاتعلقی اختیار کریں گے۔


متعلقہ خبریں