کورونا وائرس، سعودی عرب میں کرفیو نافذ کرنے کا حکم


ریاض: سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے سعودی عرب میں 21 روز کے لیے کرفیو نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق کرفیو شام 7 بجے سےصبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔

مملکت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کرفیو نافذ کیا گیا ہے جہاں عالمی وبا سے اب تک 511 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ خوش قسمتی سے کوئی شخص جاں بحق نہیں ہوا۔

تاہم سعودی عرب کے قریب میں واقع ایران میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے جہاں اب تک 1685 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد779 تک پہنچ گئی

دنیا بھر کے 192 ممالک میں کوروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چودہ ہزار چھ سو گیارہ ہوگئی جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ پینتیس ہزار چار سو تین ہے۔

ستانوے ہزار  چھ سو چھتیس افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اٹلی میں مزید چھ سو اکاون ہلاکتوں سے مجموعی تعداد پانچ ہزار چار سو چھہتر ہوگئی ہے۔

اسپین میں ایک ہزار سات سو چھپن، ایران میں سولہ سو پچاسی، برطانیہ میں دو سو اکاسی اور فرانس میں چھ سو چوہترافراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے ایک روز میں ایک سو پینتالیس افراد ہلاک ہوئے اور مرنے والوں کی تعداد چار سو چودہ  ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں