کابینہ کا اجلاس طلب، ریلیف پیکج کی منظوری دی جائے گی


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے اور ملکی صورتحال پر غور ہوگا۔

وفاقی کابینہ کل کورونا وائرس سے متعلق ریلیف پیکج کی منظوری جبکہ بجلی اور گیس کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

قانونی مقدمات نمٹانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سنگین صورت حال کے پیش نظر صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سندھ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ

لاک ڈاؤن کے تحت صوبے کے دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز سمیت تمام عوامی مقامات بند ہیں۔

سندھ میں میڈیکل اسٹورز اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کا کام جاری ہے جبکہ گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ ایک شخص کو سفر کرنے کی بھی اجازت ہے تاہم گھر سے نکلنے کے لیے شناختی کارڈ ہمراہ رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے۔

تاہم ان اقدامات کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں ملک میں لاک ڈاؤن لگانے سے انکار کردیا۔

عمران خان نے کہا کہ احتیاط اور خود کو گھروں تک محدود کرنا ہی کورونا وائرس سے بچنے کا حل ہے، لوگ جتنا ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں گے اتنا اس وائرس سے بچا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام احتیاط کریں اور گھروں میں رہیں۔ لاک ڈاؤم کیا تو 25 فیصد لوگوں کا دو وقت کا کھانا نہیں ملے گا۔ پاکستان میں چین یا اٹلی جیسے حالات ہوتے تو فورا لاک ڈاوَن کردیتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو یہ ان لوگوں پر بڑا ظلم ہوگا جو کورونا وائرس کے اعلاج کے لیے اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں، لیکن رش ہونے کی وجہ سے انہیں بروقت اعلاج پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں