زکوٰۃ کی ادائیگی کیلئے رمضان کا انتظار نہ کریں، قبلہ ایاز

فائل فوٹو


اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے مخیرحضرات سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال میں دیہاڑی دار طبقے کی آگے بڑھ کر مدد کی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق قبلہ ایاز نے کہا کہ کورونا کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جس کے سبب غریب طبقے پر مشکل وقت ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے صاحب استطاعت طبقے سے اپیل کی کہ رمضان کا انتظار کیے بغیر زکوۃ کی ادائیگی کی جائے اور اگر احکامات پرعمل کیا جائے تو کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔

قبلہ ایاز نے کہا کہ بہتر ہے مقامی سطح پر فنڈز جمع کرکےنادار افراد تک نقد رقم پہنچائی جائے۔ کوشش کریں اجتماعات نہ ہوں اور مسجد کی کمیٹیاں رضاکار کمیٹیوں میں تبدیل ہونی چاہیئں۔  ان کا کہنا تھا کہ مساجد کو قرنطینہ سینٹر میں بھی تبدیل کیاجاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں بھی کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن ہے جس کے سبب دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

دفعہ 144 نافذ ہونے کے سبب سڑکیں ویران اور مارکیٹس بند ہیں جس کے سبب روزانہ دیہاڑی پر جانے والے مزدوروں کو روزگار ملنا مشکل ہوگیا ہے۔

معاشی سرگرمیاں کم ہونے اور مزدوری نہ ملنے کے سبب غریب طبقے کا انحصار صرف مخیرحضرات پر ہے۔


متعلقہ خبریں