وفاق سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کی تشریح سے متفق نہیں، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کی تشریح سے متفق نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو کورونا کی شکل میں چیلنج کا سامنا ہے۔ کورونا کے باعث پوری قوم مسائل کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر ہم آہنگی، یکسوئی اور یکجہتی کے فروغ کا دن ہے اور ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر تجدید عہد کرتے ہیں کہ قیام پاکستان کی امانتیں اگلی نسل تک منتقل کریں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے مختلف آرا دی جا رہی ہیں اور اکثریت کی رائے تھی کہ پاکستان کو لاک ڈاؤن کی طرف جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں احکامات پر زبردستی عمل کرانے کے لیے فوج اور پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے اور آرٹیکل 245 کے تحت صوبوں کو فوج طلب کرنے کا اختیارات دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سمری کی منظوری دے چکے ہیں تاہم جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ صوبائی حکومت پر منحصر ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ائر پورٹس پر سول اور آرمڈ فورسز تعینات ہیں۔ وفاق سندھ حکومت کے لاک ڈاوَن کی تشریح سے متفق نہیں ہم عوام کی مدد سے اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت ڈنڈے کے زور پر ان چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتی جبکہ کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے اہم دستہ عوام ہیں اور عوام کی مرضی کے بغیر جنگ میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کل عوام کے درد کا اظہار کیا تھا اور جلد صوبوں کو حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ ایم کیوایم کو حکومت کا دوبارہ حصہ بننے پر خوش آمدید اور مبارکباد دیتے ہیں کیونکہ کورونا کو شکست دینے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں