’کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے کو فنڈز فراہم کردیے‘


اسلام آباد:  چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ادارے کو ہر ممکن فنڈز فراہم کیےگئےہیں۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ کورونا وائرس سے متعلق تازہ صورتحال پر پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی بہترین اسکریننگ کی جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ 5 اپریل تک تمام ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان مہیا کریں گے، جمعہ تک 120 وینٹی لیٹرز چین سے آجائیں گے۔ چین نے 15 وینٹی لیٹرز پاکستان کوعطیہ بھی کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا: مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کا دنیا میں 27 واں نمبر

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ چین سے طبی سامان کی درآمد کیلئے آج پاکستانی سفارتخانے کو فنڈز بھجوا دیے جائیں گے۔ پاکستانی اداروں نے بھی ماسک، گاوَنز اور دیگر ضروری سامان کی تیاری بڑھادی ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاوَ کیلئے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اگر آپ باہر نہیں نکلیں گے تو کورونا وائرس آپ کے گھر نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو گھروں تک محدود کریں، بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، اپنے ہاتھوں کو صحیح طریقے سےدھوئیں۔


متعلقہ خبریں