کورونا وائرس، وفاق سندھ حکومت کی مدد کرے، بلاول بھٹو زرداری


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات میں وہ سندھ حکومت کی مدد کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے جبکہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے جس سے لوگ بیمار اور ہلاک ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور آپ کی صحت، زندگی کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے سخت فیصلے کیے ہیں۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہو جاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے اور اگر آپ کو لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ حکومت کی مدد کر کے ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جاسکے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ نوکری پیشہ طبقے کو خدشہ ہو گا کہ کہیں وہ لاک ڈاؤن کے دوران بے روزگار نہ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے حکم دیا ہے لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بے روزگار نہیں کرسکتا بلکہ اس دورانیئے کی تنخواہ بھی دینا ہو گی۔ آپ جہاں نوکری کرتے ہیں اور وہ سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ ہم سے رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، امام کعبہ نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر نوکری دینے والے اپنے ملازمین کو تنخواہ دیتے ہیں اور نوکری سے نہیں نکالتے تو سندھ حکومت بعد میں تعاون کرے گی۔ سندھ حکومت ایسے اقدامات بھی کر رہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف بھی پہنچا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہلک وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے سندھ حکومت کی مدد کرے،


متعلقہ خبریں