ملالہ یوسفزئی پانچ سال بعد آبائی علاقے سوات پہنچ گئی

ملالہ یوسفزئی پانچ سال بعد آبائی علاقے سوات پہنچ گئی | urduhumnews.wpengine.com

سوات: ساڑھے پانچ برس بعد پاکستان واپس آنے والی ملالہ یوسفزئی اعلان کئے گئے شیڈول کے برخلاف اپنے آبائی علاقے سوات پہنچ گئی۔

پاکستان پہنچنے کے بعد سے اسلام آباد میں مقیم ملالہ یوسفزئی بذریعہ ہیلی کاپٹر سوات پہنچی۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ملالہ یوسفزئی کی سوات آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ اپنے آبائی علاقے آمد کے موقع پر ملالہ آبدیدہ ہوگئی۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ سوات پہنچنے والی ملالہ اپنے آبائی گھر کے علاوہ فضہ گھاٹ اور کیڈٹ کالج سوات بھی جائیں گی۔

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ 28 اور 29 مارچ کی درمیانی رات پاکستان پہنچی تھی۔ والدین سمیت ملالہ فنڈ کی سی ای او فرح محمد بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

نو اکتوبر 2012 کو اپنی ساتھی طالبات کے ساتھ اسکول سے گھر جاتے ہوئے حملے کا نشانہ بننے والی ملالہ کو زخمی حالت میں پہلے پشاور اور بعد میں راولپنڈی کے اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ 15 اکتوبر 2012 کو حالت بہتر ہونے پر انہیں مزید علاج کے لئے برطانیہ منتقل کیا گیا۔

2014 میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبیل ایوارڈ حاصل کرنے والی ملالہ 1999 میں سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئی۔

مسلسل تین سال دنیا کی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل رہنے والی ملالہ کینیڈا کی اعزازی شہریت کے علاوہ 40 سے زائد عالمی ایوارڈز سے نوازی جا چکی ہے۔

پاکستان پہنچنے کے بعد ملالہ یوسفزئی کے قیام کا جو شیڈول جاری کیا گیا تھا اس میں واضح کیا گیا تھا کہ ملالہ اور اہل خانہ اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔


متعلقہ خبریں