پی ٹی اے کے کورونا مریضوں سے رابطے میں رہنے والوں کو پیغامات

پاکستان میں1ہزار سے زائد نئے کیسز اور18 اموات رپورٹ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت صحت کی درخواست پر ایسے لوگوں کو پیغامات ارسال کرنا شروع کردیے ہیں جن کا ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد سے کسی سفر اور دیگر جگہ پر رابطہ ہوا۔

پی ٹی اے کے ایس ایم ایس میں کہا جارہا ہے کہ گزشتہ 14 روز میں آپ کا کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے رابطہ ہوا ہے۔

پیغام میں گزارش کی جارہی ہے کہ ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آپ دوسروں سے علیحدگی اختیار کرلیں۔

ہیغام میں ہدایت دی گئی کہ اگر آپ میں بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور جسم میں درد جیسی علامات ہوں تو اپنے قریبی طبی مرکز تشریف لے جائیں یا 1166 پر رابطہ کریں۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 892 ہوگئی ہے جبکہ جان لیوا مرض سے چھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، گلگت بلستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38، اسلام آباد میں 15 جبکہ آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں تین اور سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ملک بھر میں چھ مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 16 ہزارسے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔


متعلقہ خبریں