کورونا وائرس: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈیوٹی پر مامور عملے کی تعداد کم کردی


کراچی: کورونا وائرس کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تمام ائیرپورٹس پر ڈیوٹی پر مامور عملے کی تعداد کم کرنے کا اعلان کردیا۔

سی اے اے اعلامیہ کے مطابق ملک میں لاک ڈاوَن کے دوران غیر ضروری عملے کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ غیر ضروری عملہ خصوصاً زیادہ عمر والے ملازمین 24 مارچ سے 6 اپریل تک چھٹی پر رہیں گے۔

سی اے اے کے مطابق عملے کو ضروری دفتری امور گھر سے فون اور انٹرنیٹ پر نمٹانے کی  ہدایت کردی گئی ہے۔ اشد ضرورت کےعلاوہ وزیٹرز بھی ایئر پورٹ پر دفتری امور کیلئے نہیں آسکیں گے۔

مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن نے بغیر اجازت پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والا طیارہ واپس بھیج دیا

سی اے اے اعلامیہ کے مطابق ائیر پورٹس پر مصافحہ اور گلے لگ کر ملنے پر سخت پابندی ہوگی۔ غیر دفتری امور کیلئے ایئرپورٹ آنے والے وزیٹرز کو ریسپشن ڈیسک پر معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اعلامیہ کے مطابق سی اے اے اجلاس  ویڈیو کانفرنس پر ہوں گے بصورت دیگرآپس میں اجلاس کےدوران فاصلہ 2 میٹر رکھنا ہوگا۔

سی اے اے نے ڈیوٹی پر مامور عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ باجماعت کے بجائے نماز تنہا اپنے دفاتر میں اداکریں۔

اعلامیہ کے مطابق سی اے اے ہیڈ کوارٹرز کراچی میں کیفے ٹیریا میں کھانا کھانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں