امریکہ نے افغانستان کی امداد کم کر دی

ترکی پرعائد پابندیوں پر عملدرآمد کرائیں گے، امریکی وزیر خارجہ

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکہ نے افغانستان کی امداد سو کروڑ ڈالر کم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

واشنگٹن کی جانب سے امداد میں کمی کا اعلان وزیر خارجہ مائیک پامپیو کی افغانستان سے واپسی پر کیا گیا۔ مائیک پومپیو نے افغان دورے سے واپسی پر کہا کہ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کابل میں حکومت سازی پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر سکے۔

مذاکرات میں ناکامی سے امریکہ اور افغانستان کے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔ مائیک پومپیو نےکہا کہ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کیلئے جانی و مالی قربانیاں دینے والوں کی بے توقیری کی ہے۔

مائیک پومپیو نے بتایا کہ اگر افغان رہنما آپس میں اتفاق رائے پیدا کر لیتے ہیں تو پھر ایسی صورت میں امریکہ مالی امداد کم کرنے سے متعلق اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں امریکہ 2021 سے امداد میں مزید ایک ارب ڈالر کی کمی کردے گا۔

امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ افغانستان کے لیے مالی امداد سے متعلق کیے گئے وعدوں اور کانفرنسز پر بھی نظرثانی کرے گا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے امریکی امداد کم ہونے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ رقم کی کٹوتی سے افغان قوم اور افغانستان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کا ہنگامی دورہ کیا تھا جس میں طالبان سے کیے گئے امن معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مذاکرات ہوئے۔ مذکورہ امن معاہدے کے تحت افغان حکومت نے طالبان قیدیوں کو رہا کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں