تین روز تک بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز تک ملک کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہےگا تاہم خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ ہرنائی میں طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

کشمیر، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان اور پشاور میں آئندہ تین روز تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

صوبہ پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہےتاہم گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، میانوالی، بھکر، اٹک، راولپنڈی، جہلم، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورجھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، پشاور، چارسدہ، ابیٹ آباد، مانسہرہ، کرم ،وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ میں بارش  متوقع ہے۔

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر ٓالود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں 77 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں