حکومت ہر وقت عوام کے لیے سوچتی ہے، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی حکومت ہر وقت عوام کے لیے ہی سوچتی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمت عملی کا اعلان کیا۔ پیکیج میں وزیر اعظم کی اپنی قوم اور غریبوں کے لیے احساس کی جھلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے معاشرے کے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اقدام اٹھایا، معاشی حقائق اور قوم کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایک انتہائی بہترین پیکج ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مزدور طبقے کے لیے 200 ارب اور معاشرے کے انتہائی غریب افراد کے لیے 150 ارب کی رقم رکھی گئی ہے۔ برآمد کنندگان کو 100 ارب روپے کا فوری ریفنڈ دینے سے ایکسپورٹرز کی بھی مدد ہو گی۔ جس سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی بڑی صنعتوں اور زراعت کے لیے 100 ارب روپے سے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 50 ارب کی رقم کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کا مزدور طبقے کے لیے 200 ارب روپے کے معاشی پیکج کا اعلان

معاون خصوصی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کے لیے 100 ارب اور گندم کی سرکاری خریداری کے لیے 280 ارب رکھے گئے ہیں جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر 15 روپے کم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہر وقت عوام کے لیے سوچتی ہے جبکہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری ہی ہمارا مقصد ہے۔


متعلقہ خبریں