‘کورونا کا ایک مریض 59 ہزار کو متاثر کرسکتا ہے’

َ'کورونا کا ایک مریض 59 ہزار کو متاثر کرسکتا ہے'

لندن: یونیورسٹی کالج لندن سے وابستہ ڈاکٹر ہیو مونٹگمری کا کہنا ہے کہ کورونا انتہائی طاقتور متعدی مرض ہے، اتنا کہ اس میں مبتلا ایک شخص 59000 افراد کو اس مرض میں مبتلا کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس فلو سے دوگنا تیزی سے پھیلتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران انہوں نے تفصیل سے آگاہ کیا کہ کیسے یہ وائرس ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوتا ہے اور کیوں سماجی دوری اختیار کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کورونا وائرس کا علاج مل گیا؟

ڈاکٹر ہیو نے بتایا کہ عام فلو اوسطاً 3.1  یا 4.1 افراد کو انفیکٹ کرتا ہے، اس کے بعد یہ مزید آگے پھیلے تو زیادہ سے زیادہ 14 افراد کو فلو کا مریض بنا سکتا ہے۔

یہی تقابلی جائزہ انہوں نے کورونا کا کیا اور بتایا کہ کورونا کا ایک مریض انہی حالات میں 59 ہزار افراد کو اس مرض میں مبتلا کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ بھی کورونا وائرس کے نشانے پر ہے، ملک میں کورونا کے 8 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 422 افراد اس کی وجہ سے جان کی بازی بھی ہار گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے بچاؤ کیسے ممکن ہے، تصویروں سے جانیں

کورونا وائرس کے سبب دنیا بھرمیں اٹھارہ ہزار آٹھ سو  سے زائد افراد ہلاک اور چار لاکھ  بائیس ہزار متاثر ہوئے ہیں جب کہ ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دی۔

عالمی ادارہ صحت نے وارننگ دی ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکہ کوروا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے جہاں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید دوسو چھ افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاکتیں سات سو انسٹھ ہوگئی ہیں اور چون ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے صدرلارنس اور ان کی اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں