کرپشن ریفرنس: شرجیل میمن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست


سابق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کرپشن ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں شرجیل میمن و دیگر کے خلاف پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

شرجیل میمن کے وکیل نے ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرا دی۔

وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شرجیل میمن کو سندھ حکومت نے حیدر آباد میں کورونا سے متعلق کو آرڈینٹر مقرر کیا ہے اور وہ مصروف ہونے کے سبب پیش نہیں ہو سکتے، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی 22 اپریل تک ملتوی کردی کردی ہے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کواکتوبر 2017میں  رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ سے ہی ان کی درخواست ضمانت مسترد ہوئی تھی۔

قومی احتساب بیورو نے شرجیل انعام میمن سمیت 12 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس جمع کرایا تھا، جس میں ان پر لگ بھگ چھ  ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام عائد کیا گیا۔

ان پر الزام ہے کہ انھوں نے وزرت اطلاعات و نشریات میں بطور وزیر محکمے کے افسران اور اشتہاری کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اشتہارات کی مد میں رقوم جاری کر کے بدعنوانی کی۔


متعلقہ خبریں