خیبرپختونخوا حکومت جلد امدادی پیکج کا اعلان کرے گی، وزیراعلیٰ

فائل فوٹو


پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت جلد امدادی پیکج کا اعلان کرے گی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ قوم، حکومت اور فوج نے مل کر کورونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 1300 ڈاکٹرز کنٹریکٹ پر بھرتی کیے ہیں اور پبلک سروس کمیشن کےذریعے مزید 600 ڈاکٹروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘کورونا کا ایک مریض 59 ہزار کو متاثر کرسکتا ہے’

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کےلیے رضاکار ٹیمیں بنا رہے ہیں، ہمیں متحد ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے تاہم اس وائرس کی روک تھام کے لیے عوام کا تعاون درکار ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1000 ہوگئی ہے جبکہ مہلک مرض سے اب تک سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پشاور پولیس نے چینی طرز کے حفاظتی سوٹ تیار کر لئے

کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 115، خیبر پختون خوا میں 78، گلگت بلتستان میں 81، اسلام آباد میں 16 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پنجاب میں پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔

کورونا کے اب تک 19 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ پانچ کی حالت تشویش ناک اور سات افراد مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں