روشنیوں کے شہر میں ایک اور بڑا ٹاکرا


کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلےمیچ میں آج مد مقابل ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین رات آٹھ بجے شیڈول کیا گیا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹونٹی کی عالمی چیمپئن ہے۔ دوسری جانب قومی ٹیم بھی مختصر فارمیٹ کے میچوں کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

شائقین کرکٹ پی ایس ایل تھری کے فائنل کے کامیاب انقعاد کے بعد پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے بھی پرجوش ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم کا اسکواڈ

جیسن محمد ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ جیسن کے پاس  آندرے فلیچر، مارلن سیموئلز، چیڈوک والٹن، سیموئل بدری، کیسرک ولیم، اوڈین سیموئل، دنیش رام دین، رومان پاویل، کیمو پال، ریاد ایمرٹ، اینڈری میکارتھی اور ویراسیمی پرمائل جیسے ہتھیار ہیں۔

آئی لینڈرز کپتان پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔

دوسری جانب اہم سینئر کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کالی آندھی کے ٹی ٹونٹی کپتان کارلوس بریتھ ویٹ اور ون ڈے کپتان جیسن ہولڈر بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں حصہ لینے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی لینڈل سیمنز ، ڈیوائن اسمتھ اور سنیل نارائن بھی سیریز کھیلنے پاکستان نہیں آئے۔

کیربیئن ٹیم چھکوں چوکوں کی برسات کرنے والے کرس گیل اور کیرن پولارڈ کی خدمات سے بھی محروم ہے۔

پاکستان ٹیم کا اسکواڈ

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے تین کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں۔ جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز اسکواڈ سے شاہین آفریدی کو منتخب کیا گیا ہے۔

تینوں فارمیٹس کی کپتانی کرنے والے سرفراز احمد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں  احمد شہزاد، فخرز مان، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

شائقین کے لیے ہدایات

میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو سات بجے سے پہلے اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔

شائقین کرکٹ کو پارکنگ ایریاز سے اسٹیڈیم تک مخصوص شٹل سروس استعمال کرنی پڑے گی۔ جس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

میچوں کے دوران ٹریفک پلان

پاک ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز کیلئے ٹریفک پلان کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے یونیورسٹی روڈ اور کشمیر روڈ پر 3،3 مقامات پارکنگ کیلئے مختص کر دیے ہیں۔
پلان کے مطابق حکیم سعید روڈ، اردو یونیورسٹی، اتوار بازار گراؤنڈ پارکنگ کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔

ڈالمیا روڈ پرغریب نواز، فٹ بال گراؤنڈ، کشمیر روڈ پر کے ایم سی، کے ڈی اے، چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ ہوگی۔

سیکورٹی کیلئے 7 ہزار رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں