کورونا: ‘وزیراعظم اور ان کی ٹیم تمام صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں’


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان اوران کی ٹیم کورونا سے پیدا ہونے والی تمام صورتحال کومسلسل مانیٹرکررہے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس کوکورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال کے مطابق بروقت اقدامات کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران نے کہا کورونا سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا

معاون خصوصی نے کہا کہ اقتصادی پیکج کا مقصد کورونا وبا میں مبتلا متاثرین کی مدد ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مشیر خزانہ پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ معاشی پیکج پاکستان کے عوام کی مشکلات کم کرے گا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا پروگرام عوام دوستی کا آئینہ دار ہے۔ معاشی پیکج پر عمل درآمد کیلئے صوبوں سے رابطے کررہے ہیں۔ قومی فورس کے لیے لائحہ عمل بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے منافع کی ادائیگیوں پر ٹیکس میں چھوٹ کی منظوری دے دی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے اجلاس کو بتایا کہ ایران نے وزیراعظم کی جانب سے اقتصادی پابندیاں ہٹانے کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا، پاکستان میں تمام ڈومیسٹک پروازیں بھی منسوخ

فردوس عاشق نے کہا کہ کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کو اپنی طاقت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی سطح پررضاکارفورس کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیَ پنجاب شہبازشریف کے دور میں صوبے میں صحت کا شعبہ تنزلی کا شکارہوا۔حکومت عوام کے مسائل کے حال کیلئے کوششیں کررہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی پرمزید مشاورت کیلئے کہا گیا، ہے۔ وزیراعظم نے تمام معاملات پر کابینہ کواعتماد میں لیا۔


متعلقہ خبریں