کرفیو لگانے کا فیصلہ دو دنوں میں کر سکتے ہیں، ناصر شاہ

Nasir Hussain Shah

کراچی: حکومت سندھ کے وزیر اطلاعا ت ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاون کے فوائد سامنے آرہے ہیں جبکہ کرفیو لگانے کی تجویز زیر غور ہے جس کا فیصلہ دو دنوں میں کر سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ لاک ڈاون کا فائدہ ہوا ہے لیکن 15 سے 20 فیصد لوگ ابھی بھی تعاون نہیں کر رہے ۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لیکر اگلے دو دنوں میں صوبے بھر میں کرفیو لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ ہو گا۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار سو تجاوز کر چکی ہے جبکہ صوبہ بھر میں لاک ڈاون کا نفاذ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں  ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر آرہا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انتظامیہ اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ عوام  پولیس، رینجرز اور فوج سے مکمل تعاون کریں، لاک ڈاؤن کے اصل ثمرات سوشل آئسولیشن سے ہی سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے سماجی رابطوں میں فاصلہ رکھتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دیں،اسپتالوں کا عملہ ، پولیس اور رینجرز آپ کی خدمت کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اس مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،عوام سے اپیل ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔


متعلقہ خبریں