کورونا: برطانوی سفارتکار اپنی جان کی بازی ہار گیا

کورونا: برطانوی سفارتکار اپنی جان کی بازی ہار گیا

لندن: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ برطانوی سفارتکار اپنی جان کی بازی ہار گیا۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے ہنگری میں واقع  سفارتخانے میں متعین ڈپٹی ہیڈ مشن 37 سالہ اسٹیون ڈک (Steven Dick) کا انتقال ہو گیا ہے۔

دسمبر 2019 سے ہنگری میں متعین سفارتکار کے گزشتہ روز ہونے والے  ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ وہ ہنگری کے دارالحکومت پڈاپیسٹ میں تعینات تھے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسٹیون کے انتقال کی اطلاع ملنے پر ان کے والدین نے کہا ہے کہ وہ ان کا بہت ہی پیارا بیٹا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا ہمیشہ سے ہی یہ مقصد تھا کہ وہ دفتر خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفاتر میں کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب اسے بیرون ملک ذمہ داری ملی تو وہ بہت خوش تھا کہ دوسرے ملک میں اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع اسے ملا تھا۔

37 سالہ سفارتکار اسٹیون ڈک کے انتقال پر برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے پیشے سےنہایت مخلص سفارتکار تھے اور جنہوں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے وہ انہیں کبھی بھول نہیں سکیں گے۔

جانس ہوپکنس یونیورسٹی کے مطابق ہنگری میں کورونا وائرس سے متاثرہ تصدیق شدہ افراد کی کل تعداد 226 ہے جب کہ دس افراد کا انتقال ہو چکا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت دنیا میں چار لاکھ 41 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں اور تقریباً 20 ہزار افراد اپنی جانوں کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں