کوروناوائرس: متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی

فائل فوٹو


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ جان لیوا وبا سے 22 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا سے متاثرہ مریضوں میں امریکہ، چین کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، چین میں 81 ہزار 385، امریکہ میں 74 ہزار 392 مریض جبکہ اٹلی میں مریضوں کی تعداد 74 ہزار 386 ہے۔

مہلک کورونا وائرس سے اٹلی میں مزید چھ سو تراسی افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور مجموعی تعداد سات ہزار پانچ سو تین ہوگئی ہے۔

اسپین میں ہلاکتیں چین کی مجموعی ہلاکتوں سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ اسپین میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید چھ سو چھپن افراد ہوگئے ہیں جس سے مجموعی تعداد چار ہزار 89 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین کی نائب وزیر اعظم کارمن کالبو بھی کورونا سے متاثر ہوئی ہیں۔

چین میں بتیس سو ستاسی افراد ہلاک ہوئے ہیں، ایران میں  دو ہزار ستتر، امریکہ میں نو سو چوالیس، جرمنی میں دو سو چھ اور جنوبی کوریا میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چھبیس ہو گئی ہے۔

کیلی فورنیا سے کانگریس کی خاتون رکن کیٹی پورٹر میں کورونا کی علامات پائی گئی ہیں اور انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور نو سو کے لگ بھگ متاثر ہیں۔ مکہ، مدینہ اور ریاض میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویکا  توسیعی منصوبہ بھی روک دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں