پاکستان میں کورونا سے 1،191 افراد متاثر، 21 مریض صحتیاب

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1,191 ہوگئی، پینجاب میں ایک اور مریض کی ہلاکت کے بعد اس وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد نو ہوگئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائر س کے مزید 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 405 ہوگئی ہے۔

تاہم کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے 421، پنجاب میں 394، بلوچستان میں 131، خیبر پختونخوا 123، گلگت بلتستان میں 84، اسلام آباد میں 25 جبکہ آزاد کشمیر میں دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں. کورونا کے اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ پانچ کی حالت تشویش ناک اور 8 افراد مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد کے علاقے  بھارہ کہومیں سولہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعدعلاقے کو سیل کردیا گیا، مردان کی یونین کونسل منگا میں بھی انتالیس افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

کوئٹہ کے علاقوں مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو بھی لاک ڈاؤن کریں گے۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور صوبوں کے درمیان زمینی و فضائی راستے بھی بند ہیں۔

حکومت نے لوگوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور تمام نجی و سرکاری ادارے بند ہیں۔

پاکستان کے مختلف مکاتب فکر کے علما نے متفقہ اعلامیے میں کہا ہے کہ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد مساجد میں نہ آئیں اور کوروناوائرس کے مشتبہ افراد بھی گھروں میں رہیں۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ نابالغ بچے مسجد میں نہ آئیں، مساجد سے قالین اٹھا دیں، جمعہ کی تقریر میں کورونا کی آگاہی دی جائے۔ مفتی تقی عثمانی نے بھی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔

حکومت نے کورونا کے باعث سوا کھرب روپے کا پیکج جاری کیا ہے جو صوبوں کی مشاورت سے استعمال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں