گلگت بلتستان: سرکاری ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان


کورونا وائرس کے پیش نظر گلگت بلتستان حکومت نے سرکاری ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا۔

ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق ملازمین میں پیرامیڈیکل، ڈاکٹرز، پولیس اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اضافی تنخواہ کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مستحق افراد کو راشن مفت فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث فیس بک کااستعمال 70 فیصد بڑھ گیا

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکریٹری پاپولیشن ویلفئر کو مستحق افراد کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات دیئےگئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس کے 84 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار چکا ہے۔

پاکستان بھر میں مہلک بیماری کے باعث مجموعی طور پر آٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 1100 سے زائد متاثر ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ تین، جبکہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلستان میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

دنیا بھر میں اموات کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔


متعلقہ خبریں