ٹی ٹوینٹی سيريز کا دوسرا میچ، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


کراچی: شہرقائد میں جاری پاکستان اور ويسٹ انڈيز ٹی ٹوینٹی سيريز کے دوسرے میچ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق آج بھی دوپہر دو بجے سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑکیں بند کردی جائیں گی۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

راستوں کے متعلق کسی بھی پریشانی کی صورت میں شہریوں کو ٹریفک پولیس کے کیمپ سے رہنمائی حاصل کرنے کا کہا گیا ہے۔

میچز کے دوران انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے مکمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ٹریفک پولیس نے یونیورسٹی روڈ اور کشمیر روڈ پر تین تین  مقامات پارکنگ کے لیے مختص کئے ہیں۔

خصوصی حفاظتی انتظامات کے تحت سات ہزار رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات رہیں گے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانےو الے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 203 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 60 رنز بنا سکی۔ اس کے تمام کھلاڑی 14ویں اوور میں ہی ڈھیر ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹوینٹی فارمیٹ کی عالمی چیمپئن ہے۔ جب کہ قومی ٹیم مختصر اوورز کی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

شائقین کرکٹ کو توقع ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم آج ساڑھے سات بجے شروع ہونے والے دوسرے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں