جی-20: عالمی معیشت کے لیے پانچ کھرب ڈالرز کی فراہمی

shah salman

شہریوں کیلئے ماہانہ الاؤنس پروگرام سعودی ایوان شاہی نے بڑا اعلان کردیا


ریاض: دنیا کے 19 بڑے صنعتی ممالک اور یورپی یونین پر مشتمل جی-20 گروپ نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی عالمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پانچ کھرب ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ اعلان جی -20 ممالک کے ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔

جی-20 ویڈیو لنک اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سمیت دیگر سربراہان نے شرکت کی۔

شاہ سلمان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ترقی پذیر اور غریب ممالک کی استعداد کار اور انفرااسٹرکچر بہتر کیا جائے گا۔

جی -20 ویڈیو لنک اجلاس کے اختتام پر جاری کیے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی میشت میں پانچ کھرب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے گزشتہ روز اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ کورونا وائرس جیسی خوفناک وبا کی وجہ سے پوری دنیا اس وقت مشکل دور سے گزررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک غیر معمولی سربراہ اجلاس منعقد کررہے ہیں تاکہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جو ہمارے عوام کی امیدوں کو پورا کریں، ہماری حکومتوں کے کردار کو بڑھائیں اور وبا کا مقابلہ کرنے کی ہماری کوششوں کو متحد کریں۔

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے پیغام کے ساتھ دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ دنیا کو اس وبا کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھے۔

عرب ذرائع ابلاغ کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، عالمی بینک، اقوام متحده، فوڈ اینڈ ایگریکلچرآرگنائزیشن، مالی استحکام بورڈ، بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن، عالمی تنظیم برائے تجارت سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت ہو گی۔


متعلقہ خبریں