بلوچستان: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پرگرفتاری کا فیصلہ

کورونا وائرس، مردان میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پرسخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے بچوں کے والدین اور بلا ضرورت باہر نکلنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے متن میں درج ہے کہ کورونا وائرس کی کوئی حد نہیں یہ مشترکہ قومی چیلنج ہے اور لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر عوام کو محفوظ بنانا ہے۔

اندرون شہرگلیوں، پہاڑوں کےدامن اور تفریحی مقامات پر اجتماع تشویشناک ہے۔ ایسی سرگرمیاں، سماجی میل جول اور بے احتیاطی وائرس پھیلنے کا سبب بن سکتی ہیں۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔ عوامی، قبائلی، مذہبی اور سماجی رہنما اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو آگاہی دیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا کے 131 کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ کوئٹہ کے علاقے مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد نو ہوگئی ہے جب کہ1235 متاثر ہیں۔

سندھ میں 429، پنجاب408، خیبرپختونخوا147، بلوچستان 131، گلگت بلتستان91، اسلام آباد 27 اورآزادکشمیر میں 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سندھ میں ایک، پنجاب تین، خیبرپختونخوا تین، بلوچستان ایک اور گلگت بلتستان میں بھی ایک مریض ہلاک ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں