چینی ڈاکٹروں کی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی

چین میں کورونا کی نئی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ چین سے 8ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کل پاکستان پہنچے گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ چین سے آئی ڈاکٹروں کی ٹیم کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گی اور ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کرے گی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے تیزی سے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھی بھر پور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کا اعلان کیا ہے اور طبی سازوسامان بھی بھیجا جا رہا ہے۔

کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسکس اور دیگرطبی سامان کے دو جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت بھی امدادی سامان بھجوایا گیا ہے۔

چینی سفارت خانے کے مطابق پاکستان کو مزید طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کی جا رہی ہے اور چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔

کورونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کے سلسلے میں چین کی جانب سے خنجراب ٹاپ  کے راستے گلگت بلتستان حکومت کو بھی امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔

سامان میں 2 لاکھ فیس ماسک، 2 ہزاراین 95ماسک، 5 وینٹی لیٹر،2 ہزار ٹیسٹنگ کٹ،2 ہزار میڈیکل کپڑئے شامل ہیں۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گورنرسنکیانگ نے10ٹن ضروری آلات اور اشیا بطور امداد دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آلات اور اشیا میں وینٹی لیٹر،ماسک،ٹیسٹ کٹ اور دیگر ضروری چیزیں بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں