احمد رضا مانیکا کو ایم ایم اے کےٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی پیشکش


پاکپتن: تحریک انصاف چھوڑنے والے سابق رکن قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں۔

ایم ایم اے کےمرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے سابق رکن قومی اسمبلی کے گھر پران سے ملاقات کی اور انہیں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر حصہ لینے کی پیشکش کی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

31 مارچ کو احمد رضامانیکا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان مستعفیٰ ہونے کے لیے تیار ہیں۔

احمد رضا مانیکا چئیرمین تحریک انصاف کے سسرالی علاقے پاکپتن کے ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”پاک پتن والے عمران خان کے فیصلے سے خوش نہیں۔ ہر چیز خاص کر پیر اور مرید کا احترام قائم رہنا چاہیے تھا۔”

چئیرمین تحریک انصاف کی ترجیحات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ” آستانوں پر لوگ عقیدت کے لیے حاضری دیتے ہیں، خان صاحب کئی مرتبہ پاکپتن آئے لیکن  پاکپتن کے کسی رہنما یا عہدیدار سے ملاقات نہیں کی۔  لیڈر شپ اپنی ٹیم سے ہی لاعلم ہے۔”

یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ احمد رضا مانیکا نے مجلس عمل میں شمولیت کی دعوت پر کیا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی سیاست میں حصہ لینے والی بڑی دینی جماعتوں نے آئندہ انتخابات کے لئے متحدہ مجلس عمل کو دوبارہ فعال کیا ہے۔ اتحاد میں شامل جماعتوں کو توقع ہے کہ وہ دینی رجحان رکھنے والے ووٹرز کی توجہ پانے میں کامیاب رہیں گی۔


متعلقہ خبریں