چینی ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی


اسلام آباد: چینی ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم آج  دوپہر 2 بجے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گی۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم کے طیارے میں چین سے طبی سامان، ادویات اور سرجیکل ماسک بھی پاکستان پہنچیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور چینی سفیرعملے کا اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ چین سے 8 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کل پاکستان پہنچے گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ٹیسٹنگ کٹس وافر تعداد میں موجود ہیں، فیاض الحسن چوہان

انہوں نے بتایا کہ چین سے آئی ڈاکٹروں کی ٹیم کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گی اور ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کرے گی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے تیزی سے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھی بھر پور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کا اعلان کیا ہے اور طبی سازوسامان بھی بھیجا جا رہا ہے۔

کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسکس اور دیگرطبی سامان کے دو جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت بھی امدادی سامان بھجوایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوروناوائرس، فواد چوہدری کی پاکستانی یونیورسٹیوں کے کردار پر تنقید

چینی سفارت خانے کے مطابق پاکستان کو مزید طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کی جا رہی ہے اور چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔


متعلقہ خبریں