پاکستان میں کورونا سے 16 افراد ہلاک، 1578 متاثر


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 1578 ہوگئی ہے جبکہ مہلک مرض سے اب تک 16 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 558، سندھ میں 502، خیبر پختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141 گلگت بلتستان میں 140، اسلام آباد میں 43 جبکہ آزاد کشمیر میں دو کیسز رپورٹ ہوئے۔

وائرس سے پنجاب میں چھ ، خیبرپختونخوا میں پانچ سندھ اور گلگت بلتستان میں دو، دو جبکہ بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

مجموعی کیسز میں سے 28 صحت مند ہوچکے ہیں جبکہ 11 کی حالت نازک ہے۔

مزید پڑھیں: مشتبہ میتوں کو غسل دینے پر ایدھی کا سردخانہ اور غسل سروس بند

دوسری جانب کورونا وائرس کیخلاف ٹائیگر فورس میں رضاکاروں کی رجسٹریشن سٹیزن پورٹل کے ذریعے 31 مارچ کو شروع کی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی امور نوجوان عثمان ڈار کو ٹائیگر فورس کے متعلق اہم ذمہ داریاں مل گئی ہیں اور انہوں نے کام شروع کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ڈیجیٹل فارم تیار کرلیا گیا ہے جو 31 مارچ کو سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔ فارم میں نام ،پتہ، عمر، موبائل نمبر یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہوں گی۔

ٹائیگرز فورس کے لیے رضاکار وں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک مکمل ہوجائے گی اور اس فورس کی تشکیل ہر یونین کونسل میں کی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں