پاکستان چین کی امداد سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان چینی وفد اور ان کی امداد سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف چینی حکومت کے اقدامات سے متاثر ہیں کیونکہ چینی حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف بروقت اور مؤثر اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو چین میں مزید نقصان ہوتا، چین نے 6 کروڑ افراد کو قرنطینہ میں رکھ کر تاریخ رقم کی اب چین کے طبی عملے کی پاکستان آمد حوصلہ افزا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دنیا کو کورونا وائرس کے خلاف چین کے اقدامات سے سیکھنا ہو گا جبکہ چین نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا ساتھ دیا اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پاکستانی حکومت اور عوام چین کے شکر گزار ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی کیسز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 560 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور پاکستان میں چین سے کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں آیا جبکہ چین سے پاکستان آنے والے افراد 14 روز قرنطینہ میں رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چین واپس جانے والے افراد بھی 14 روز قرنطینہ میں رہے۔ دوسری جانب چین سے پاکستانی طلبا کو واپس لانے کا مشکل فیصلہ کیا جبکہ چینی حکومت نے پاکستانی طلبہ کا بے حد خیال رکھا۔

یہ بھی پڑھیں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ووہان میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا سے بات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی وفد اور امداد سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا جلد پاکستان میں ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جس میں چینی طبی عملے کی آرا سے مستفید ہوں گے۔ اس وقت دنیا کی توجہ صحت کے شعبے پر ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز