کشمیر میں بھارتی مظالم، پاکستان 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گا


اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی درندگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے چھ اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیرخارجہ خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے وفود بھیجے جائیں گے۔

خواجہ آصف کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ کیا گیا ہے۔ دیگر رکن ممالک سے بھی توقع ہے کہ وہ پاکستانی موقف کی حمایت کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی ہٹ دھرمی کی مانیٹرنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ حالیہ بھارتی خلاف ورزیاں بڑی جنگ کی وجہ بن سکتی ہیں۔ معصوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے سے اشتعال انگیزی بڑھ رہی ہے جو خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے اور نہایت بیدردی سے معصوم عوام کو شہید کررہا ہے۔ داغدار ماضی کے حامل بھارتی حکمران ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کررہے ہیں۔

دریں اثناء اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھی مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ سلامتی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد سے ہی جنوبی ایشیاء میں امن قائم ہو گا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری بھارت کے وحشیانہ قبضے کی یاد دلاتا ہے۔

بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور اسلام آباد میں کارروائیوں کے دوران ایک ہی دن میں 17 کشمیریوں کو شہید جب کہ 200 سے زائد کو زخمی کیا ہے۔

انڈین فوج نے مارے جانے والوں کو کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے مجاہد قرار دیا تاہم مقامی آبادی اسے جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہتی ہے کہ عام نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

کشمیر پولیس نے بھی تصدیق کی تھی کہ مارے گئے نوجوانوں میں سے ایک کو بھارتی فوج نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد اس کی نعش برآمد ہوئی ہے۔

حالیہ درندگی کے دوران بھارتی فوج نے ایک مکان کو بھی دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا۔ طبی مراکز کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہاں لائے جانے والے زخمیوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے جن کی آنکھوں کو پیلٹ گنز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں