کورونا وائرس، شہباز شریف نے ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا مطالبہ کر دیا

فوٹو: فائل


لاہور: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر فرد کی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے جبکہ کورونا ٹیسٹنگ کو فوری طور پر مفت کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بچانے اور محفوظ بنانے میں کورونا وائرس کی نگرانی اور بچاؤ کی کلیدی اہمیت ہے۔ اسی لیے اسپتالوں سے کورونا کے مریضوں کو فی الفور الگ کیا جائے۔

شہباز شریف نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ‎شادی ہالز، مساجد، اسکول، کالج کی عمارتوں کو قرنطینہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے اور قوم کو اصل صورتحال بتائی جائے کیونکہ حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے اور ایک دوسرے سے دور رہنے کے طبی اصول پر سختی سے عمل کیا جائے جبکہ ‎ڈاکٹرز، پولیس اور معاون عملے کی تربیت کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان چین کی امداد سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت بتائے روزانہ کی بنیادوں پر کتنے پاکستانیوں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے ؟


متعلقہ خبریں