روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کی نقد رقم سے مدد کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے خاندانوں کو راشن یا نقد رقم سے مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ایمرجنسی فنڈ کا اجلاس  ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیر قانون سندھ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری کے حساب سے سندھ میں پانچ کروڑ آبادی ہے جبکہ صوبہ میں ایک کروڑ سے ایک کروڑ 40 لاکھ خاندان روزانہ اجرت پر گزارا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اوسطً سات افراد کا خاندان ہے، میرےدل پر بوجھ ہےکہ ان غریب لوگوں کی مددکی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل حق دار خاندانوں کی کس طرح مدد کی جائے اس پر غور کررہے ہیں، ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں کہ دیہاڑی دار تک راشن یا کوئی اور مدد پہنچائی جائے۔

مزید پڑھیں: چین ہر طرح سے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، چینی سفیر

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس سے صوبے میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کردی۔

وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق اب تک جاں بحق ہونے والوں دونوں افراد نمونیہ کا بھی شکار تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کی عمر 83 اور دوسرے کی 70 سال تھی ۔

ادھر  ترجمان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والی مسافر ٹریفک پر پابندی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی سرحد پر مسافر بسیں اکٹھی ہو رہی ہیں، ان بسوں کو سندھ سے جانے یا داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ سے پنجاب جانے والے مسافر گاڑیوں کو واپس کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں