نامورشخصیات کی ہم درد مہم میں شرکت، دو کروڑ روپے سے زائد رقم جمع



کورونا وائرس کے سبب بے روزگار ہونے والے غریب طبقے کی مدد کیلئے ہم نیٹ ورک کی جانب سے شروع کی گئی مہم ’ آؤ آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں‘ کے تحت  ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کے ذریعے دو کروڑ بیس لاکھ روپے جمع کرلیے ہیں۔

ہم نیٹ ورک نے دو گھنٹے کی خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جس میں ملک کے نامور اینکرثمرعباس نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات نے ہم نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں شرکت کی اور کوروناوائرس کا پھیلاؤ رکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا۔

پاکستان کے نامور صحافی اور معروف اینکرپرسن محمد مالک نے کہا کہ پاکستان میں عوام کی اکثریت برے حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور پر ہے اور اگر ایسے میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیرنہ اپنائی گئیں تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا اگر ہم احتیاط کریں گے تو یہ خود پر، اپنے بچوں اور والدین پر احسان ہوگا۔

وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی ہم نیٹ ورک کی مہم’ آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں‘ کو سراہا اور غریب عوام کیلئے اٹھائے گئے قدم کی تعریف کی اور ہم نیٹ ورک کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ جنگ تنہا نہیں لڑ سکتی۔

ہم نیٹ ورک کی خصوصی ٹرانسمیشن میں ڈاکٹرعائشہ، معروف صحافی ارشاد بھٹی، کرکٹر عاقب جاوید، ڈیزائنر نومی انصاری، اداکارہ ریما خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، سنیئرصحافی حامد میر، مشرف زیدی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، اداکار عمران عباس، ہمایوں سعید نے حصہ لیا۔

گورونر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کٹھن اور مشکل چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم نیٹ کے اقدام کی تعریف کی اور ایک ماہ کی تنخواہ’ ہم درد‘ کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کا اعلان کیا۔

سینئرصحافی حامد میر نے بھی ہم نیٹ ورک کی کوششوں کی تعریف کی۔ کرکٹرجاوید میاں داد نے بھی’ہم درد‘ مہم کی تعریف کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ جاوید میاں داد نے کہا کہ’ہم درد‘ میں جمع کرائے گئے فنڈز کبھی غلط استعمال نہیں ہوں گے۔

سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی مرزا اختیار بیگ نے بھی ہم نیٹ ورک کی خصوصی مہم میں شرکت کی اور غریب طبقے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے بھی ہم درد فنڈز میں پیسے جمع کرانے کا اعلان کیا۔ پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں نے بھی براہ راست ٹیلی فون کالز کے ذریعے ہم درد فنڈز میں پیسے جمع کرائے۔

کورونا وائرس کے سبب بے روزگار ہونے والے غریب طبقے کی مدد کیلئے ہم نیٹ ورک کی جانب سے شروع کی گئی مہم ’ آؤ آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں‘ میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے لوگ شامل ہو رہے ہیں۔

اس وبا نے روز کمانے والوں لاکھوں گھروں کا چولہا ٹھنڈا کردیا ہے، آپ بھی ہم درد کے ذریعے ہم ان پریشان گھر والوں کی مدد کرسکتے ہیں، تو آئیے’آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں‘۔

آپ بھی اس مہم کا حصہ بننے کیلئے ذیل میں دیئے گئے بینک اکاؤنٹ نمبر پر اپنی امدادی رقم جمع کرا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں