خیبر پختونخوا میں اسکول 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ


پشاور: کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے اسکول 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 31 مئی 2020 تک دی جانے والی تعطیلات موسم گرما کی چھٹیاں تصور ہوں گی اور اسکولوں میں امتحانات سمیت تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تیسری بار تعطیلات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب ابتدا میں 31 مارچ تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور بعد میں 5 اپریل تک توسیع کر دی گئی تھی۔

پاکستان میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں 30 مئی جب کہ بلوچستان میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والی نجی تعلیمی اداروں کے لائسنس منسوخ کیے جا رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کی صورتحال

خیبر پختونخوا میں اب تک 195 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 5افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔
صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی.

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں