لاک ڈاؤن کے باوجود لوگ گھروں سے نکل رہے ہیں، وزیر تعلیم سندھ

فوٹو: فائل


کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود لوگ گھروں سے نکل رہے ہیں، چین اور اٹلی جیسے حالات پیدا ہوئے تو قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ہم نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود کئی افراد گھروں میں رہنے کو تیار نہیں ہیں اور جو لوگ گھروں سے نکل رہے ہیں ان کے لیے مزید سختی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پورا صوبہ لاک ڈاوَن کیا گیا ہے لیکن جب تک شہری تعاون نہیں کریں گے لاک ڈاوَن کامیاب نہیں ہو گا۔ غیر ضروری گھروں سے نکلنے والوں کی گاڑیاں بھی بند ہونی چاہئیں۔

سعید غنی نے کہا کہ لوگوں کو مرغا بنانا اچھا عمل نہیں لیکن موجودہ حالات میں یہ ٹھیک ہے کیونکہ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ مثالیں موجود ہیں شہری معاملے کی نوعیت کو سمجھیں۔

وزیر تعلیم سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے طور پر بھی مستحق افراد کی مدد کریں۔ اگر چین اور اٹلی جیسے حالات پیدا ہوئے تو قابو پانا مشکل ہو جائے گا اور حکومت ایسے حالات میں تمام متاثرین کی مدد نہیں کر سکتی۔

یہ بھی پڑھیں نامورشخصیات کی ہم درد مہم میں شرکت، دو کروڑ روپے سے زائد رقم جمع

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 600 سے زائد ہے۔


متعلقہ خبریں