وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے  والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

متعلقہ حکام نےوزیراعظم کو کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم ان اقدامات کا اعلان بہت جلد کریں گے۔

اجلاس میں ملک میں ممکنہ حد تک صنعتی سرگرمیاں جاری رکھنے سے متعلق اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے اجلاس کو بتایا کہ بڑے کارخانوں کے مالکان کو ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانی صنعتوں  کے ملازمین کے تحفظ  کیلئے باہمی مشاورت کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں سے باہمی مشاورت کے بعد تمام تفصیلات اور طریقہ کارکل تک پیش کیا جائے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس،ٹیکس استثنی کے متعلق کابینہ اجلاس

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے ضروری سہولت کاری فراہم کی جائےگی تاکہ صنعتی عمل کم سے کم متاثرہو۔

اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلقہ معاملات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی کٹائی سے وابستہ افراد کی نقل وحرکت میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کوجلد حتمی شکل دی جائے گی۔ معیشت کا پہیہ جاری رکھنے کیلئے مطلوبہ صنعتوں کی فہرست مرتب کی جائے گی۔

وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے اجلاس کو بتایا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں 93 انٹرنیشنل این جی اوز کو 6 ماہ کیلئے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید 53 اداروں کی درخواستیں زیرغور ہیں، جس پرجلد فیصلہ کرلیاجائےگا۔

وزیراقتصادی امور نے اجلاس کو بتایا کہ انٹرنیشنل این جی اوز کو مشکل گھڑی میں رفاہی کاموں میں کوئی دقت پیش نہ آنے دیں گے۔

اجلاس میں تعمیرات کے شعبے سے متعلق حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات اور اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں