منی لانڈرنگ، نیب لاہور نے شہباز شریف کو طلب کر لیا

فوٹو: فائل


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک بار پھر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو منی لانڈرنگ تحقیقات میں طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے شہباز شریف کو 17 اپریل کی طبی کا نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف کے خلاف نیب میں مختلف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

تین ماہ قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں 6 کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں شہباز شریف کے خلاف کرپشن کیس کی انکوائری کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 5 اکتوبر کو نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا، تاہم انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا۔

اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعلی نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا کنٹریکٹ لطیف اینڈ سنز سے منسوخ کر کے کاسا ڈویلپرز کو دیا جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، شہباز شریف

شہباز شریف پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا لیکن ایل ڈی اے منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہا اور اس سے 71 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

خیال رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف سے قبل فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، بلال قدوائی، امتیاز حیدر، شاہد شفیق، اسرار سعید اور عارف بٹ کو نیب نے اسی کیس میں گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں