پنجاب حکومت کا 18 ارب روپے کے ٹیکسز ختم کرنے کا اعلان

فائل فوٹو


لاہور: حکومت پنجاب نے معیشت کی بحالی کے لیے 18 ارب روپے کے ٹیکسز ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ آن لائن پلیٹ فارم پر جی ایس ٹی ختم کردیا گیا ہے تاکہ
ہمارا کاروباری طبقہ کورونا وائرس کے سبب بدترین حالات میں اپنا کاروبار جاری رکھ سکے۔

پنجاب حکومت نے شہری امموایبل پراپرٹی ٹیکس اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس وقتی طور پر واپس لے لیا ہے۔

پراپرٹی ٹرانزیکشن کے لیے سی وی ٹی اور اسٹمپ ڈیوٹی بھی کم کر کے 2 فیصد کردی ہے۔ ہیومن ڈویلپمنٹ سے متعلق کاروبار اور سروسز پر بھی ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ اسپتالوں کی سروسز اورکنسٹرکشن سروسز پر عائد جی ایس ٹی بھی ختم کردیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے بحرانی صورتحال میں کاروبار جاری رکھنے اور خوراک کی فراہم بحال رکھنے کیلئے فلور ملز کے لیے گندم کا کوٹہ بھی بڑھا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ پنجاب میں گندم کی امدادی قیمت 1400روپے فی من مقرر کر دی گئی ہے اور اپریل سے کٹائی کا آغاز کر دیا جائےگا۔


متعلقہ خبریں