وزیراعلیٰ پنجاب کا دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رہا کرنے کا حکم

کورونا وائرس: وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت ہدایات جاری کر دیں

فوٹو: فائل


لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کو جذبہ خیرسگالی کےتحت رہا کیاجائے گا، عوام سے اپیل ہے سماجی فاصلہ رکھیں اور گھروں میں رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مستحقین سے بھرپور تعاون کررہے ہیں اور اس ضمن میں 25 لاکھ خاندانوں کےلیے10 ارب روپے مختص کیے ہیں، ہر خاندان کو 4 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبےمیں مساجد اور بازاروں میں جراثیم کش اسپرے کی ہدایت کی ہے،ایکسپو سنٹر میں ایک ہزار بستروں کا اسپتال کل سے کام شروع کر دے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو14ارب روپے جاری کیے ہیں جبکہ محکمہ پولیس کو 10ہزار بھرتیوں کی اجازت دی ہے، پولیس کو 25 کروڑ روپے آپریشنل ضروریات کےلیے جاری کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والے طبی ماہرین سے استفادہ کریں گے، محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی سامان مہیا کریں گے،انتظامی اور طبی لحاظ سے صورتحال کنٹرول ہے، 8 ڈویژنل لیبارٹریزکے قیام  کےلیے 62 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ مستحقین کو آن لائن 4ہزار روپے مہیا کریں گے، آن لائن ریلیف پیکج کرپشن سے پاک ہو گا،سب سے پہلے پنجاب حکومت نےڈاکٹرشمسی سے رابطہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کورونا وائرس کی دوا اور ویکسین بنانے کا سہرا پاکستان کوملے، تبلیغی جماعت کے ساتھ مس ہینڈلنگ کے واقعے کی تحقیقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں