پنجاب سے 3 اراکین اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل


لاہور: مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تین اراکین پنجاب اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار شہاب، مسلم لیگ ق کے احمد شاہ کھگہ اور آزاد رکن اسمبلی احسن ریاض فتیانہ  تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔

تینوں اراکین نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے بعد اپنی نئی وابستگی کا اعلان کیا ہے۔

سردار شہاب الدین 2013 کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خصوصی تعلیم کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے موجودہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر 99-1998 کے دوران رکن ضلع کونسل لیہ اور 05-2001 کے دوران ضلع ناظم لیہ رہے ہیں۔

مسلم لیگ ق کی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے احمد شاہ کھگہ پی پی 229 پاکپتن تھری سے کامیاب ہوئے۔ 99-1998 تک ضلع کونسل پاکپتن کے رکن، پہلے 04-2000 اور بعد میں 08-2005 تک یونین کونسل ناظم رہے ہیں۔

پیر احمد شاہ کھگہ کے بڑے بھائی پیر محمد شاہ پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔ کھگہ برادران کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پارٹی کو ضلع پاکپتن میں ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

احسن ریاض فتیانہ کے والد ریاض خان فتیانہ مسلسل تین بار رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور مختلف وزارتوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ریاض خان دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی بھی رہے ہیں۔

احسن ریاض فتیانہ نے پی پی 58 فیصل آباد سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے 2013 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے حالیہ سینیٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد سرور کو ووٹ ڈالا تھا۔


متعلقہ خبریں