عازمین حج کی منصوبہ بندی سے گریز کریں، سعودی عرب

فائل فوٹو


ریاض: سعودی عرب کے وزیربرائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے سبب غیر یقینی کی صورتحال ہے لہذا عازمین حج فی الحال حج کی منصوبہ بندی سے گریز کریں۔

سعودی عرب کی متعلقہ وزارت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب صورتحال واضح نہیں تاہم عوام کو انتظامات اوت تازہ ترین صورتحال کے متعلق آگا کیا جائے گا۔

وزیرِ حج نے ہدایت کی ہے مسلمان حج پر آنے کیلئے فی الحال موجود حالات کے بہتر ہونے کا انتظار کریں اور جب تک حالات کے مطابق فیصلہ نہ ہوجائے تب تک تیاریاں شروع نہ کریں۔

قبل ازیں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس سال بیرون ممالک سے مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں مل سکے گی  تاہم بعد میں سعودی سفارتخانے نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حج ہوگا لیکن حجاج کو سعودی عرب جانے سے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور صحتمند لوگ ہی حج کیلئے جاسکیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا میں42151 افراد ہلاک اور آٹھ لاکھ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 1563 مریض ہیں۔ سعودی عرب نے تمام سیاحتی اور مذہبی مقامات کو بند کر دیا ہے کہ اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں