70 سال سے صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، وزیر اعظم


راولپنڈی: وزیر اعطم عمران خان نے کہا ہے کہ 70 سال سے صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ ہم 15 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف تیاری کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے تھے کورونا وائرس کے خلاف طبی عملہ فرنٹ لائن پر ہے، ہمارے ملک میں 70 سال سے صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ سرکاری اسپتالوں کا معیار 70 کی دہائی تک اچھا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا میں حفاظتی سامان کی طلب بڑھ گئی ہے تاہم چین نے ہمیں حفاظتی سامان اور سہولیات دینے میں مدد کی۔

عمران خان نے کوششوں کے حوالے سے کہا کہ کوشش ہے ایمرجنسی اور آئی سی یو کے عملے کو سب سے پہلے حفاظتی سامان دیں۔ دنیا بھر میں ہیلتھ ورکرز پر بوجھ ہے جبکہ ہم پوری قوت سے طبی عملے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے ابھی بڑھنا ہے تاہم ایک ہفتے تک تناسب کا پتہ چل جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ طبی عملے کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جبکہ اسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔


متعلقہ خبریں