کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مہوش حیات کی نصیحتیں


پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے عوام کو نصیحت کی ہے کہ یہ کوروناوائرس کی وبا ہے کوئی چھٹی کا دن نہیں، لہذا بلاوجہ باہر گھومنے پھرنے سے گریز کریں اور زندگیاں بچائیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے اس وقت ہمارا ردعمل ہمارے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

مہوش حیات نے کہا کہ دنیا بھر میں صحت کا نظام اس وبا کے سامنے ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے اور مزید ہزاروں افراد ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

ہماری ذرا سی لا پرواہی ہزاروں زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ ہمیں ذمہ دار شہری کی طرح رویہ اپنانا ہوگا۔

اداکارہ نے پاکستان میں دستیاب طبی سہولیات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے طبی عملے کو حفاظتی آلات اور لباس فراہم کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمارے ڈاکٹرز فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔

طبی عملہ اپنی مکمل حفاظت نہیں کر پا رہا اور ان کی صحت بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔ مہوش حیات نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ڈاکٹروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں