امدادی رقم کی تقسیم میں وفاق رکاوٹ بن گیا ہے، ترجمان سندھ حکومت


کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مستحقین کو امدادی رقم کی تقسیم میں وفاق رکاوٹ بن گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین دن سے وفاقی اداروں سے ڈیٹا شئیرنگ سے متعلق متعدد بار رابطہ کر چکے تاہم نادرا اور پی ٹی اے ڈیٹا شئیر کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مستحق افراد کی رجسٹریشن کا میکنزم تیار کر چکی ہے اور فی گھر 3 ہزار روپے کی امدادی رقم منتقل کرنا چاہتی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ سندھ میں کہیں بھی گُڈز ٹرانسپورٹ کی بندش نہیں اور نہ کوئی پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی ضروری اشیا اور پورٹ سے سامان کی ترسیل مستقل جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ترجمان کی لاعلمی قابل افسوس ہے، فردوس عاشق اعوان کو چاہیےالزام تراشی سے گریز کریں۔

ترجمان سندھ حکومت نے پورٹ بند ہونے کے وزیراعظم کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ گُڈز ٹرانسپورٹ کی بندش کے بیانات سےذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدارا ایسے وقت میں نفرت انگیز بیانات سے اجتناب برتا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ضروری اشیاکی ترسیل اور پیداوار پر رکاوٹ نہیں۔


متعلقہ خبریں